اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ عوام کے لیے ضروری قوانین ہر حال میں پارلیمنٹ لے کر جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان کے درمیان رابطہ ہوا جس میں پارلیمنٹ میں جاری قانون سازی سے متعلقہ آئینی اور قانون امور پر مشاورت ہوئی۔
بابر اعوان نے وزیراعظم کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کی کارروائی پر بریفنگ دی جس پر وزیراعظم نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے قانون سازی کا عمل جاری رکھنے کی ہدایت کر دی۔
وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ عوام کے لیے ضروری قوانین ہر حال میں پارلیمنٹ لے کر جائیں گے۔
دوسری جانب بابر اعوان نے کہا کہ پارلیمنٹ کا وقار مؤثر قانون سازی کے ذریعے ہی برقرار رکھا جا سکتا ہے،عوامی مفاد کی قانون سازی کو ترجیحی بنیادوں پر ایوان میں لایا جا رہا ہے۔
مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتوں کو اپنے فیصلوں میں ملکی و قومی مفاد کو مدنظر رکھنا ہوگا۔