لاہور: وزیر اعظم عمران خان آج لاہور کا ایک روزہ دورہ کریں گے، جہاں وہ ایک نئے شہر کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان آج لاہور کا دورہ کریں گے، وزیر اعلیٰ عثمان بزدار اور گورنر چوہدری سرور سے ملاقات کے علاوہ وزیر اعظم اعلیٰ سطح اجلاسوں کی صدارت بھی کریں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم دریائے راوی کے کنارے جدید طرز کے نئے شہر کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔
وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے درمیان ملاقات ایوان وزیر اعلیٰ میں ہوگی، ارکان قومی و صوبائی اسمبلی سے ملاقات بھی دورے کے ایجنڈے میں شامل ہے، آئی جی پنجاب اور چیف سیکریٹری بھی وزیر اعظم سے ملیں گے۔
اسلام آباد میں نیا کمرشل شہر آباد کرنے کا منصوبہ تیار، وزیراعظم نے منظوری دے دی
یاد رہے کہ اس سے قبل فروری میں وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی دارالحکومت میں ایک نیا کمرشل شہر نیو بلیو ایریا منصوبے کی منظوری دی تھی، منصوبے کے لیے 170 کنال اراضی مختص کی گئی ہے، منصوبے سے ابتدائی طور پر حکومت کو 25 سے 30 ارب روپے ملیں گے۔
حکومت اس منصوبے سے آمدنی کا کچھ حصہ نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ میں استعمال کرے گی اور بے گھر اور غریب افراد کے لیے سستے گھروں کی تعمیر پر بھی رقم خرچ کی جائے گی، جس سے وفاقی دارالحکومت میں معاشی سرگرمیوں کو نمایاں فروغ ملے گا۔