اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کا 12اگست کو کراچی کا دورہ متوقع ہے، دورے میں عمران خان شہر کی صورتحال کا جائزہ لینے کے علاوہ اہم ملاقاتیں بھی کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کا 12اگست کو دورہ کراچی کاامکان ہے ، عمران خان دورے کے دوران اہم ملاقاتیں کریں گے جبکہ اتحادی جماعتوں کے رہنماوں اور پی ٹی آئی ارکان اسمبلی سے ملاقات متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم جاری وفاقی منصوبوں ودیگرمسائل پرحکام سےبریفنگ لیں گے اور شجرکاری مہم کےحوالےسےوزیراعظم عمران خان پودابھی لگائیں گے۔
گذشتہ روز متحدہ قومی مؤومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے کارکنان اور عہدیداران کی گرفتاریوں کا معاملہ وزیراعظم کے سامنے اٹھا دیا، خالد مقبول صدیقی نے سندھ پولیس کی جانب سے کارکنان کو ہراساں کرنے اورگرفتاریوں پر تشویش کا اظہار کیا اور وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ کارکنان کے خلاف انتقامی کارروائیوں کے سلسلے کو فوری طور پر بند کروایا جائے ۔
ذرائع کے مطابق خالدمقبول کی شکایت پر وزیراعظم نے وزیرداخلہ اور آئی جی سندھ سے رپورٹ طلب کرلی۔
یاد رہے چند روز قبل کراچی میں بارشوں کے بعد ابتر صورتحال کے پیش نظر وزیراعظم نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور پاک فوج کو نکاسی آب کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے کراچی بھیجا تھا۔
این ڈی ایم اے اور ایف ڈبلیو او کی ٹیمیں متواتر کراچی کے بڑے برساتی نالوں کی صفائی میں مصروف عمل ہیں۔
خیال رہے گذشتہ روز ملکی تاریخ کی سب سے بڑی شجر کاری مہم کا آغاز کیا گیا تھا، وزیر اعظم نے ملک گیر شجرکاری مہم میں بھرپور عوامی شرکت پر اظہار تشکر کیا۔