اسلام آباد: متحدہ عرب امارات میں پھنسے پاکستانی محنت کشوں کو لے کر پی آئی اے کی پہلی خصوصی پرواز ملتان پہنچ گئی۔
تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی پہلی خصوصی پرواز یو اے ای سے پاکستانیوں کو لے کر ملتان پہنچ گئی، دوسری خصوصی پرواز رات 8 بجے اسلام آباد ایئر پورٹ پر لینڈ کرے گی۔
وطن واپسی کے انتظامات یو اے ای کی کاروباری شخصیت سہیل گلداری نے کیے۔خلیج ٹائمز کے مالک سہیل گلداری نے 200 پاکستانیوں کو مفت ٹکٹس دیے تھے۔
معاون خصوصی اوورسیز پاکستانیز زلفی بخاری نے سہیل گلداری سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانیوں کی واپسی کا وعدہ پورا کرنے پر سہیل گلداری کے شکرگزار ہیں۔
زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ کرونا کے مشکل وقت پر پاکستانیوں کے ساتھ کھڑے ہونے پر خوشی ہے۔انہوں نے کہا کہ مزید ہم وطنوں کی واپسی کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں۔