ریاض: سعودی عرب کے جازان ریجن میں گاڑی پر پہاڑی تودہ گرنے کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔
عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب کے جازان ریجن کی العارضہ کمشنری میں سعودی شہری دفاع کے اہلکاروں نے پہاڑی تودے کے نیچے دبے لاپتا چار سعودی نوجوانوں کی لاشیں نکال لیں، گاڑی پر پہاڑی تودہ گرنے سے حادثہ پیش آیا تھا۔
شہری دفاع حکام کے مطابق چاروں نوجوان گزشتہ ہفتے العارضہ پہاڑی علاقے میں سیر کے لیے نکلے تھے اور لاپتا ہوگئے تھے، مختلف ادارے ان کی تلاش میں تھے۔
دو نوجوانوں کے چچا ماجد الجزمی نے بتایا کہ جائے وقوعہ سے متصل علاقے اور قریب کی وادیوں میں انہیں تلاش کرتے رہے، اسپتالوں اور ایسے تمام مقامات کو چیک کرلیا گیا تھا جہاں ان کے ملنے کی توقع کی جاسکتی تھی۔
انہوں نے کہا کہ بھتیجے اپنے دوستوں کے ہمراہ العبادل پہاڑی علاقے میں سیر کے لیے نکلے تھے۔
ماجد الجزمی نےمزید کہا کہ گھر والے نوجوانوں کی واپسی میں تاخیر پر تشویش میں مبتلا ہوگئے۔ موبائل پر رابطے کی کوشش کی گئی تو بند پائے گئے۔ ہم لوگ ان کی تلاش میں اس جگہ پہنچے جہاں سے وہ لاپتا ہوئے تھے۔ چار نوجوانوں میں سے دو کی گاڑیاں مل گئیں باقی کی گاڑیاں بھی نظر نہیں آئی تھیں۔
انہوں نے بتایا کہ بعض شہریوں نے اطلاع دی کہ انہیں العارضہ کے کوہستانی علاقے کی ایک وادی میں چٹانوں کے درمیان ایک ٹوٹی پھوٹی گاڑی نظر آئی ہے اور خوفناک طریقے سے حادثے سے دوچار لگتی ہے، بعدازاں پتا چلا کہ یہ وہی گاڑی ہے جس پر چاروں نوجوان سوار تھے۔
سعودی شہری دفاع کے اہلکاروں نے مشینری کی مدد سے نوجوان کی لاشیں نکال کر اسپتال منتقل کیں۔