جمعرات, جنوری 23, 2025
اشتہار

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور بل گیٹس کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا، دونوں کے درمیان کرونا وائرس سے نمٹنے کی حکمت عملی اور پولیو مہم کی بحالی پر گفتگو ہوئی۔

تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کہا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ٹیلی فونک گفتگو کے دوران کرونا وائرس سے نمٹنے کی حکمت عملی اور پولیو مہم کی بحالی پر گفت و شنید ہوئی۔

- Advertisement -

اس موقع پر بل گیٹس کا کہنا تھا کہ پاک فوج کی انسداد پولیو مہم میں کوششیں قابل تعریف ہیں، پاک فوج نے ہر جگہ انسداد پولیو مہم کی رسائی یقینی بنائی۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ انسداد پولیو مہم قومی کاز ہے، پاکستان کو پولیو فری بنانے کی قومی کوشش کا حصہ ہیں۔ کامیاب مہم کا سہرا موبائل ٹیمز، صحت عامہ اور سیکیورٹی اداروں کے سر ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق گفتگو میں انسداد پولیو مہم کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی پر بھی بات ہوئی، بل گیٹس نے کرونا وائرس پر قابو پانے کی پاکستان کی کامیاب حکمت عملی کو بھی سراہا۔

بل گیٹس کا کہنا تھا کہ پاکستان نے کم وسائل کے باوجود کامیابی سے کرونا وائرس پر قابو پایا۔

آرمی چیف نے کہا کہ کرونا وائرس کے خلاف کامیابی قومی حکمت عملی کے نتیجے میں ممکن ہوئی، این سی او سی کے ذریعے قومی حکمت عملی کا اطلاق یقینی بنایا گیا۔

بل گیٹس کا مزید کہنا تھا کہ گیٹس فاونڈیشن عالمی وباؤں کے خلاف تعاون جاری رکھے گی جبکہ پولیو کے خاتمے کے لیے پاکستان سے بھی تعاون جاری رہے گا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں