اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے سندھ میں پارٹی عہدیداران اور کارکنان کو متحرک کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل عامر کیانی سندھ روانہ ہوگئے، وزیراعظم کے خصوصی کوآرڈینیٹر احمد خان نیازی بھی ان کے ہمراہ ہیں۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل عامر کیانی سندھ کا 5 روزہ دورہ کریں گے، وہ آج رات سکھر میں ورکرز کنونشن سے خطاب کریں گے، عامر کیانی لاڑکانہ، حیدرآباد میں پارٹی ورکرز، عہدیداروں سے بھی ملیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کا وفد 17 اگست کو کراچی پہنچے گا، سیکریٹری جنرل کابینہ اور کارکنان سے ملاقات کریں گے۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم کی اراکین اسمبلی کو بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کی ہدایت
تحریک انصاف کے وفد کی وومن ونگ، لائیرز ونگ ودیگر فورمز کے عہدیداران سے ملاقاتیں شیڈول ہیں، ملاقاتوں میں حلقوں کے مسائل اور انتظامی امور پر مشاورت ہوگی۔
واضح رہے کہ بلدیاتی انتخابات کی مدت 31 اگست کو ختم ہورہی ہے، اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے اراکین اسمبلی کو بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کی ہدایت کی تھی۔
یاد رہے کہ دو روز قبل گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ کراچی سےمتعلق وزیراعظم بھی صورتحال دیکھ رہےہیں، کراچی سےمتعلق کسی پارٹی کےفائدےکونہیں دیکھ رہے ہماری کوشش ہےکراچی کی موجودہ شکل تبدیل ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں صفائی اور ترقی دیکھنا چاہتے ہیں،کوئی کریڈٹ نہیں لینا چاہتے کراچی کےمسائل حل کرنےکیلئےسب کیساتھ چلنے کوتیارہیں۔