پاکپتن: عظیم بزرگ حضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکرؒ کے 778ویں سالانہ عرس کا آغاز ہوگیا، سجادہ نشین نے عرس کی 15 روزہ تقریبات کا آغاز کیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکپتن میں گنج شکرؒ کا عرس زائرین بڑے عقیدت واحترام سے منارہے ہیں۔ رواں سال کرونا وبا کے پیش نظرعرس کی تقریبات کو محدود رکھا گیا ہے۔ دوسرے شہروں سے زائرین کو عرس کی تقریبات میں شرکت کی اجازت نہیں ہوگی، محدود رسومات کے تحت بہشتی دروازہ بھی 2دن علامتی طور پر کھولا جائے گا۔
حضرت با با فرید گنج شکررحمۃ اللہ علیہ کے پندرہ روزہ عرس میں آج غسل، چادر پوشی اور دعا کی تقاریب سے آغاز ہوگا۔ عرس کے موقع پرمقامی انتظامیہ اورپولیس کی جانب سے تمام حفاظتی اقدامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔
مزار شریف کی پُرنور فضا نعرہ تکبیر اللہ اکبر اور حق فریدؒ یا فریدؒ کے نعروں سے معطر ہے اور زائرین مزار شریف اپنی حاجات کی پوری ہونے کے لیے دعائیں کر رہے ہیں اور فاتحہ خوانی کر رہے ہیں اور چادر چڑھا رہے ہیں۔
اس موقع پرسجادہ نشین کی جانب سے ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔