لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر لاہور میں گھریلو جھگڑے پر سفاک باپ نے 6 ماہ کے بچے کو دیوار پر دے مارا جس کے نتیجے میں اس کی موت واقع ہوگئی۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق لاہور کے علاقے نادر آباد تھانہ جنوبی چھاؤنی کی حدود میں بیوی سے جھگڑے کے بعد سفاک باپ نے 6 ماہ کے فیضان کو دیوار پر دے مارا۔
ذرائع کے مطابق کمسن بچے کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کردی۔
پولیس کے مطابق ملزم اللہ دتا کو بیوی کے کردار پر شک تھا جس کی وجہ سے دونوں میاں بیوی کے درمیان اکثر جھگڑا رہتا تھا، پولیس نے بچے کی ماں رخسانہ بی بی کی شکایت پر ملزم اللہ دتا کو حراست میں لے کر مقدمہ درج کرلیا۔
مزید پڑھیں: سنگدل باپ نے 3 سالہ بچے کو قتل کردیا
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ پنجاب کے علاقے قصور میں باپ نے تین سالہ بچے کو قتل کردیا تھا۔
قصور کے علاقے بستی بارات شاہ سے شعبان نامی 3 سالہ بچہ اچانک لاپتا ہوگیا تھا، کچھ دیر بعد شعبان کی نعش ملی تھی، واقعے کے بعد پولیس نے مختلف زاویوں سے تفتیش کی اور شک کی بنیاد پر مقتول بچے کے باپ ندیم کو حراست میں لیا تھا۔
دوران تفتیش پولیس نے جب مقتول شعبان کے باپ سے پوچھ گچھ کی تو ملزم نے اعتراف کیا کہ اس نے اپنے لخت جگر کا قتل کیا ہے۔