جمعرات, مئی 15, 2025
اشتہار

بجلی کا مسئلہ، وزیر اعظم کا آئی پی پیز معاہدوں کے بعد عمر ایوب کو اہم ہدایت

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب کو خصوصی ہدایت کی ہے کہ آئی پی پیز معاہدوں کے بعد صارفین کو اس کے ممکنہ فوائد سے عوام کو آگاہ کیا جائے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت پاور سیکٹر میں اصلاحات سے متعلق اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ اجلاس میں بجلی کے شعبے سے متعلق امور، اصلاحات اور تنظیم نو کے مجوزہ روڈ میپ پر تبادلہ خیال کیا گیا، گردشی قرضوں کے معاملے اور آئی پی پیز کے ساتھ بات چیت سمیت دیگر متعلقہ امور بھی زیر بحث آئے۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں وزیر اعظم نے آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں میں باہمی اتفاق رائے سے ہونے والی تبدیلیوں میں پیش رفت کو سراہا۔

وزیر اعظم عمران خان نے اجلاس میں کہا کہ معاہدوں میں نظرثانی سے سرکلر ڈیٹ کو کم کرنے میں مدد ملے گی، بجلی کا شعبہ ملک کی معاشی نمو کو متاثر کر رہا تھا، صارفین پر موجودہ بوجھ کو کم کرنے کے لیے فوری طور پر بحالی اور اصلاحی عمل ضروری ہے۔

بجلی سستی کرنے پر توجہ مرکوز ہے، آئی پی پیز کے ساتھ معاہدے کر لیے: عمر ایوب

اجلاس میں وزیر اعظم نے پہلے سے منظور شدہ تنظیم نو کے روڈ میپ پر جلد عمل درآمد کی ہدایت کی، اور عمر ایوب سے کہا کہ عوام کو آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں کے بعد صارفین کو اس کے ممکنہ فوائد کے بارے میں آگاہ کریں۔

یاد رہے کہ آج وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت کے آئی پی پیز کے ساتھ معاہدے طے پائے ہیں، اور وسیع تر ملکی مفاد میں ہم آہنگی کے ساتھ معاملات طے کیے گئے ہیں، ان نئے معاہدوں سے گردشی قرضوں میں کمی آئے گی اور صنعتوں کو فروغ ملے گا، انھوں نے کہا کہ پاور سیکٹر میں اصلاحات کے لیے حکومت کو 3 ہفتے درکار ہیں۔

اہم ترین

عبدالقادر
عبدالقادر
عبدالقادر پچھلے 8برس سے اے آر وائی نیوز میں بطور سینئر رپورٹر خدمات انجام دے رہے ہیں، آپ وزیراعظم عمران خان اور حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف سے جڑی خبروں اور سیاسی معاملات پر گہری نظر رکھتے ہیں۔

مزید خبریں