جمعہ, جولائی 4, 2025
اشتہار

ایف آئی اے نے گردے بیچنے والے ایجنٹس کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا

اشتہار

حیرت انگیز

راولپنڈی: فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے تھانہ نیو ٹاؤن، راولپنڈی کے علاقے سید پور روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے گردے بیچنے والے ایجنٹس کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں گردوں کی غیر قانونی پیوند کاری کے کاروبار کا انکشاف ہوا ہے، ملزمان 25 سے 30 لاکھ روپے میں گردوں کی غیر قانونی پیوند کاری کرنے میں ملوث نکلے۔

تھانہ نیو ٹاؤن کے علاقے سید پور روڈ پر ایف آئی اے نے گردوں کی غیر قانونی پیوند کاری کرنے والے کلینک کے خلاف کارروائی میں ڈاکٹر کامران عرف ڈاکٹر علی کو گرفتار کیا، جس کے بارے میں معلوم ہوا کہ وہ گردوں کی پیوند کاری کے لیے آپریشن کرنے والا ڈاکٹر نہیں بلکہ ٹیکنیشن ہے، جو خود کو جعلی طور پر ڈاکٹر کہلواتا ہے۔

معلوم ہوا کہ مذکورہ ملزم نے خاتون ریحانہ کنول سے اس کے بیٹے حسن علی کے گردے کی پیوند کاری کی مد میں 26 لاکھ روپے وصول کیے تھے، خاتون کا کہنا تھا کہ ملزم نے گردے کی پیوند کاری کی جس سے حسن علی کا انتقال ہو گیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ملزم کے خلاف 18 اگست کو کارروائی کے لیے ویجیلنس پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹ کو درخواست دی گئی تھی، اور مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ معلوم ہوا ہے کہ گردوں کی غیر قانونی پیوندکاری کی ڈیل اسلام آباد جب کہ آپریشن راولپنڈی کے علاقوں میں ہوتے ہیں، جب کہ گردوں کی پیوند کاری کے لیے آپریشن کرنے والا بھی ڈاکٹر نہیں ٹیکنیشن نکلا۔

ایف آئی اے ٹیم نے چھاپا مار کر جعلی ڈاکٹر اور گردے بیچنے والے ایجنٹس کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا، ملزمان کو ایف ٹین کے علاقے میں نجی اسپتال کی پارکنگ سے گرفتار کیا گیا، ایف آئی اے نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید کارروائی شروع کر دی ہے، ذرایع کا کہنا ہے کہ ملزمان کے گروہ کے دیگر ساتھیوں کو گرفتار کرنے کے لیے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

اہم ترین

مزید خبریں