کراچی: صوبہ سندھ میں وفاق کی جانب سے جاری کاموں کو تیز کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی۔
تفصیلات کےمطابق آج وفاقی اور صوبائی وزرا پر مشتمل کراچی ترقیاتی کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں وفاقی وزرا اسد عمر، علی زیدی اور امین الحق، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، سعید غنی اور وزیر بلدیات ناصر شاہ شریک ہوئے۔
ذرایع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں کراچی سمیت سندھ بھر میں ترقیاتی منصوبوں سے متعلق گفتگو کی گئی، صوبائی وزرا نے ہدایت کی کہ سندھ میں وفاق کی جانب سے جاری کاموں کو تیز کیا جائے، اجلاس میں کراچی میں بارشوں سے پیدا صورت حال پر بھی بات چیت ہوئی۔
ذرایع کے مطابق بارش سے پیدا شدہ مسائل کے حل کے لیے مستقبل میں نالوں کی صفائی کے آپشن پر غور کیا گیا اور اس کے علاوہ دیگر آپشنز پر بھی بات کی گئی۔
وفاقی اور صوبائی وزرا پر مشتمل کوآرڈینیشن کمیٹی کا آئندہ اجلاس اگلے ہفتے کو منعقد ہوگا۔
دریں اثنا، کراچی ترقیاتی کوآرڈینیشن کمیٹی کے ممبران سے تحریک انصاف کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی، کمیٹی کے اقدامات کے حوالے سے وفاقی وزیر اسد عمر اور علی زیدی نے اراکین سے تبادلہ خیال کیا۔
میٹنگ میں فنڈنگ، ترقیاتی پراجیکٹس کی تکمیل سمیت دیگر امور پر گفتگو کی گئی، بتایا گیا کہ ٹرانسپورٹ، واٹر، سیوریج، سالڈ ویسٹ، بارش کے پانی کی نکاسی، سڑکوں کی تعمیر پر جلد کام ہوگا، وفاق اور صوبے سے سیکریٹری پی این ڈی سی اس مرحلے کو دیکھیں گے، اسد عمر کا کہنا تھا کراچی کی ترقی کے لیے مل کر بہتر کام کریں گے۔