ساؤتھمپٹن: قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف 150 رنز کی لیڈ مل گئی تو میچ جیتنے کی پوزیشن میں آسکتے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان نے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 150 رنز کی لیڈ مل گئی تو میچ جیتنے کی پوزیشن میں آسکتے ہیں، یاسر شاہ اور دیگر بولرز انگلینڈ کے لیے مشکل کھڑی کرسکتے ہیں۔
محمد رضوان نے کہا کہ جوز بٹلر اور کرولی کی اننگز میں میچ میں نمایاں ہے، بابر اعظم، اظہر علی اور شان مسعود اچھی فارم میں ہیں، ایک دو بلے باز رنز کرگئے تو انگلینڈ کے لیے مشکل ہوجائے گی۔
مزید پڑھیں: ساؤتھمپٹن ٹیسٹ، پاکستان کو اننگز کی شکست کا خطرہ
انہوں نے کہا کہ مجھے اسکور کی فکر نہیں ہوتی بغیر فکر کے کھیلتا ہوں، اظہر علی نے اننگز کے دوران بہت سمجھایا اور مدد کی۔
وکٹ کیپر بیٹسمین نے کہا کہ یہ میرا آغاز ہے ابھی آگے جانا ہے، کوشش ہوگی دوسری اننگز میں اچھا پرفارم کروں۔
واضح رہے کہ ساؤتھمپٹن ٹیسٹ کے تیسرے روز قومی ٹیم 273 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی، پاکستان کو انگلینڈ کی برتری ختم کرنے اور اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے مزید 310 رنز درکار ہیں۔