کراچی : قومی احتساب بیورو کراچی نے زیرالتوا کیسز پر تحقیقات میں تیزی کرتے ہوئے سابق وزیر بلدیات جام خان شورو کیس میں بیانات ریکارڈ کرلیے۔
تفصیلات کے مطابق نیب کراچی نے زیر التوا کیسز پر تحقیقات میں تیزی سے کام شروع کردیا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر حیدر آباد نے ای این جی پمپ کا ریکارڈ جمع کرادیا، ریکارڈ کیساتھ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کا بیان بھی نیب حکام نے ریکارڈ کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیر بلدیات سندھ جام خان شورو کیس میں بیانات ریکارڈ کیے گئے ہیں، جام خان شورو پر آمدن سے زائد اثاثے اور غیر قانونی الاٹمنٹ کا الزام ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حیدر آباد اور لطیف آباد میں زمینوں کی الاٹمنٹ کا ریکارڈ نیب حاصل کرچکا ہے جبکہ سی این جی پمپ اور اثاثوں کی رپورٹ رواں ہفتے چیئرمین نیب کو بھیجی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق منظوری کے بعد سابق وزیر بلدیات سندھ جام خان شورو اور بھائی کاشف پر ریفرنس درج کیا جائے گا۔