کراچی: اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں شہباز شریف، آصف زرداری اور بلاول کے درمیان ملاقات میں آل پارٹیز کانفرنس بلانے پر اتفاق رائے ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق آج کراچی میں میاں شہباز شریف نے بلاول ہاؤس میں آصف زرداری سے ملاقات کی، جس میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی موجود تھے۔
ملاقات میں اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس سے متعلق بات چیت ہوئی، تینوں رہنماؤں نے اے پی سی بلانے پر اتفاق کر لیا ہے۔
ادھر اپوزیشن نے رہبر کمیٹی کا اجلاس کل طلب کر لیا ہے، اجلاس میں 11 اپوزیشن جماعتوں کے نمائندے شریک ہوں گے، رہبر کمیٹی کا یہ اجلاس اکرم درانی کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوگا، اجلاس میں شاہد خاقان، احسن اقبال، ایاز صادق، مریم اورنگ زیب شریک ہوں گے۔
اجلاس میں اپوزیشن اتحاد کو مضبوط کرنے پر تجاویز لی جائیں گی، پیپلز پارٹی، ن لیگ اور دیگر جماعتوں کو تجاویز دے گی، اجلاس میں اے پی سی کے ایجنڈے اور مستقبل کے لائحہ عمل پر غور ہوگا۔
اجلاس میں حکومتی اتحاد چھوڑنے والی بی این پی مینگل بھی شریک ہوگی، پی پی، ن لیگ، جے یو آئی ف، جے یو پی، اے این پی، قومی وطن پارٹی، پی میپ، نیشنل پارٹی، بی این پی عوامی اور جمعیت اہل حدیث کے نمائندے شریک ہوں گے۔