ممبئی : کرونا وائرس کے باعث بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار دلیپ کمار کے دوسرے بھائی احسان خان بھی زندگی کی بازی ہار گئی۔
تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کی مہلک ترین وبا نے بالی ووڈ اداکاروں کے اہلخانہ کو نشانہ بنانا شروع کردیا، بھارت کے لیجنڈری اداکار دلیپ کمار کے ایک اور بھائی احسان خان کرونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے۔
اس سے قبل 21 اگست کو دوسرے بھائی اسلم خان بھی کرونا وائرس میں مبتلا ہونے کے بعد دنیا فانی سے رخصت ہوگئے تھے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ دلیپ کمار کے دونوں بھائیوں میں 16 اگست کو کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد نہیں لیلاوتی اسپتال میں داخل کروایا گیا تھا۔
اسپتال میں دوران علاج دونوں بھائیوں کی حالت بگڑنے لگی اور پہلے اسلم خان کرونا کے باعث دم توڑ گئے بعد ازاں احسان خان نے بھی کرونا وائرس کے سامنے زندگی کی بازی ہار دی۔
دلیپ کمار کے بھائی احسان خان کی موت سے متعلق دلیپ کمار کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ان کے فیملی فرینڈ فیصل فاروقی نے ٹوئٹ کے ذریعے مداحوں کو آگاہ کیا۔
Dilip Saab’s youngest brother Ehsan Khan, passed away few hours ago.
Earlier, youngest brother, Aslam had passed away. We are from God and to Him we return. Pls pray for them.
Posted by @FAISALmouthshut on behalf of #DilipKumar
— Dilip Kumar (@TheDilipKumar) September 3, 2020
ٹوئٹ میں کہا گیا دلیپ کمار کے چھوٹے بھائی احسان خان انتقال کرگئے، اس میں مزید کہا گیا کہ قبل ازیں ان کے بھائی اسلم خان کا انتقال ہوا تھا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق احسان خان عارضہ قلب، بلند فشار خون اور الزائمر کے مرض میں بھی مبتلا تھے۔
خیال رہے کہ کرونا وائرس سے متاثر ہونے والی بولی وڈ شخصیات میں امیتابھ بچن، ابھیشیک بچن، ایشوریا رائے اور کرن کمار سمیت دیگر شامل ہیں جو کم از کم 10 دن تک اسپتال میں زیر علاج رہے اور کرونا کو شکست دینے میں کامیاب ہوئے۔