ٹوکیو: بین الاقوامی اولمپک کمیٹی کے نائب صدر جان کوٹس نے دو ٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ 2021 میں ٹوکیو اولمپکس کا انعقاد ہرصورت یقینی بنائیں گے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اپنے ایک بیان میں جان کوٹس کا کہنا تھا کہ ٹوکیو اولمپکس کے کھیل اگلے سال جولائی میں نئے شیڈول کے تحت ہوں گے، مذکورہ تاریخوں میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ 2021 میں کرونا رہے یا نہ رہے ہم کھیل کا آغاز کردیں گے، ٹوکیو اولمپکس کا انعقاد کرونا کے خلاف فتح ہوگی، اولمپکس کے مقابلے عالمی جنگوں میں بھی ختم نہیں کیے گئے تھے۔
خیال رہے کہ کرونا وائرس کے باعث ملتوی ہونے والے اولمپکس کی نئی تاریخیں مقرر کی گئی ہیں۔ جس کے مطابق ٹوکیو اولمپکس 23 جولائی سے 8 اگست 2021 میں ہوں گے، پہلے یہ مقابلے رواں برس 24 جولائی میں شیڈول تھے۔
ٹوکیو اولمپکس کا انعقاد سوالیہ نشان بن گیا
البتہ جاپان میڈیکل ایسوسی ایشن نے نئی تاریخوں پر بھی سوالات اٹھائے ہیں۔ کئی اسپورٹ تجزیہ کاروں کا کہنا تھا کہ مستقبل میں اولمپکس کا انعقاد مشکل ہے، اس کی بڑی وجہ بے قابو مہلک وائرس ہے۔