کوئٹہ : کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے اہم رکن کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے خفیہ اطلاعات کی بنا پر بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی عمل لائی گئی ہے، جس میں کالعدم تنظیم کے اہم رکن کو گرفتار کیا گیا ہے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم سے پستول اور گولیاں برآمد کرلی گئیں جبکہ ملزم کا دہشت گردی کے کئی واقعات میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا تھا کہ ملزم نے دوران حراست سریاب میں قتل، ڈبل روڈ پر بینک ڈکیتی کا بھی اعتراف کیا ہے۔
ترجمان کے مطابق سی ٹی ڈی کی ٹیم ملزم کے ساتھیوں کی گرفتار کےلیے مخلتف جہگوں پر چھاپے مار رہی ہے۔
خیال رہے کہ کچھ ماہ قبل صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے مشرقی بائی پاس پر سی ٹی ڈی اور حساس اداروں کی کاروائی کے دوران دو خود کش حملہ آوروں اور خاتون سمیت 6 دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے جبکہ ایک سیکیورٹی اہلکار شہید اور تین زخمی ہوئے تھے۔