لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ گجرپورہ واقعے کی متاثرہ خاتون سے متعلق متنازع بیان پر سی سی پی او لاہور عمر شیخ سے 7 دن میں جواب طلب کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج لاہور میں گجرپورہ زیادتی و تشدد کیس کے سلسلے میں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے نیوز بریفنگ میں کہا اس واقعے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، سی سی پی او لاہور سے متنازع بیان پر 7 دن میں جواب طلب کر لیا ہے، ان کا جواب آنے کے بعد قانونی ایکشن لیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ غیر ضروری بیان پر سی سی پی او لاہور کو شوکاز جاری کر دیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ سی سی پی او نے کہا تھا کہ زیادتی کا نشانہ بننے والی خاتون کو رات کو اکیلے نہیں نکلنا چاہیے تھا اور گاڑی میں پٹرول چیک کرنا چاہیے تھا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا متاثرہ خاتون سے بھی رابطہ ہوا ہے، انھیں انصاف کی یقین دہانی کرائی گئی ہے، ایسے واقعات میں ملوث ملزمان کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
گجرپورہ واقعہ: ملزمان کی اطلاع دینے والوں کو 25،25 لاکھ انعام دینے کا اعلان
واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے گجرپورہ واقعے میں ملوث ملزمان کی اطلاع دینے والوں کو 25،25 لاکھ انعام دینے کا اعلان بھی کر دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم 72 گھنٹے سے بھی کم وقت میں ملزمان تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے، ملزمان جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا ملزمان کی گرفتاری میں مدد دینے والوں کے نام صیغہ راز میں رکھےجائیں گے، ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی، کوشش کریں گے کہ قانون کے مطابق ملزمان کو سخت سے سخت سزا ہو۔
ادھر آئی جی پنجاب انعام غنی نے آج اہم نیوز بریفنگ میں گرفتاریوں کی تردید کرتے ہوئے بتایا کہ گجر پورہ زیادتی واقعے میں ملوث ملزمان کو ابھی تک گرفتار نہیں کیا جا سکا ہے تاہم ملزمان جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے۔