کراچی: شہر قائد کے علاقے شارع فیصل میں لڑکی کے مبینہ اغوا کی کوشش ناکام بنادی گئی۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے شارع فیصل پر لڑکی کے مبینہ اغوا کی کوشش ناکام بنادی گئی، پولیس نے اغوا کی کوشش میں ملوث رکشہ ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق ملزم قاسم نے لڑکی چاقو دکھا کر رکشے میں بٹھا رکھا تھا، ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکی کو والدہ کے سپرد کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل خیرپور کے تھانہ سوبھو دیرو کی حدود میں خاتون کو 3 بچوں سمیت اغوا کرکے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا، ملزمان نے خاتون پر بہیمانہ تشدد بھی کیا۔
مزید پڑھیں: خاتون کو 3 بچوں سمیت اغوا کرکے 5 افراد کی اجتماعی زیادتی
خاتون نے الزام عائد کیا کہ شکایت درج کروانے کے باوجود پولیس نے ملزمان کو گرفتار نہیں کیا، خیرپور پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کی درخواست درج کرلی گئی ہے ملزمان کے خلاف چھاپے مارہے جارہے ہیں۔
یاد رہے چند روز قبل گجر پورہ میں خاتون سے اجتماعی زیادتی کاواقعہ پیش آیا تھا ، جہاں خاتون بچوں کے ساتھ سفر کررہی تھی اور پٹرول ختم ہونے پر گاڑی بند ہوگئی، اس دوران دو ملزم کھڑی گاڑی کا شیشہ توڑ کرخاتون کو قریبی جھاڑیوں میں لے گئے اور بچوں کےسامنے زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔
خیال رہے پنجاب پولیس کی جانب سے گجر پورہ میں خاتون سے اجتماعی زیادتی کیس کی تحقیقات جاری ہے، تاہم مرکزی ملزم اب تک پولیس کی گرفت میں نہ آسکا ہے۔