لاہور : سیشن کورٹ لاہور میں کمسن گھریلو ملازمہ ثنا قتل کیس کی سماعت ہوئی، مقتول بچی کے لواحقین نے ملزمان ڈاکٹر حمیرا اور اس کے شوہر کو معاف کردیا۔
تفصیلات کے مطابق کمسن گھریلو ملازمہ قتل کیس میں پندرہ سالہ ثنا کے لواحقین نے قاتلوں کو معاف کر دیا، مقتولہ ثنا کے لواحقین نے کہا ہے کہ سیشن عدالت ڈاکٹر حمیرا اور اس کے شوہر کو بری کردے۔
سیشن کورٹ لاہور میں کیس کی سماعت کے دوران ایڈیشنل سیشن جج عمران شفیع نے مقتولہ کے لواحقین کے بیانات قلمبند کرلئے، ورثا نے بیان دیا کہ اللہ کی رضا کی خاطر دونوں ملزمان کو معاف کرتے ہیں، عدالت ملزمان ڈاکٹر حمیرا اور اس کے شوہر کو مقدمے سے بری کردے۔
مقدمے کی تفتیشی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملزمہ ڈاکٹر حمیرا اور اس کے شوہر کےخلاف تھانہ چوہنگ نے مقدمہ درج کر رکھا ہے، ملزمان پر کمسن ملازمہ ثنا کو تشدد کرکے قتل کرنے کا الزام ہے، یاد رہے کہ دونوں ملزمان کی ضمانتیں پہلے ہی منظور ہوچکی ہیں۔