کراچی: گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی میں صنعت کاروں اور تاجروں کا بہت اہم حصہ ہے، وزیراعظم کی پالیسی کی دنیا بھر میں تعریف ہورہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق گورنرسندھ کا کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ملک کی ترقی میں صنعت کاروں اور تاجروں کا بہت اہم حصہ ہے، ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے ہم سب کو مل کر جدوجہد کرنا ہوگی، وزیراعظم نے کراچی کے لیے1100 ارب کے تاریخی پیکج کا اعلان کیا۔
گورنر نے کہا کہ سندھ حکومت اور وفاقی حکومت مل کر کراچی کی بہتری پر کام کریں گے، وزیراعظم کی پالیسی کی دنیا بھرمیں تعریف ہورہی ہے، ہم منفی خبروں کے عادی ہوگئے ہیں۔
وزیراعظم نے کراچی کیلیے پلان کی منظوری دیدی، گورنر سندھ
اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ اچھی چیزوں پر توجہ نہیں دیتے اور طلال چوہدری کے واقعے کو دیکھا جاتا ہے، اسٹاک ایکسچینج دنیا کی تیسری اچھی پرفارم کرنے والی مارکیٹ بن گئی ہے۔
عمران اسماعیل کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں گیس کے بڑے نئے ذخائر نہیں مل رہے، ہمیں ایل این جی پر انحصار کرنا پڑے گا، کارخانوں کو اسی پر منتقل ہونا ہوگا، ایف بی آر چیئرمین اور وزیر اعظم سے بزنس کمیونٹی کی ملاقات کراسکتا ہوں، حکومت عوام کے لیے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے۔