کراچی: شہر قائد میں کرونا کیسز بڑھنے کے بعد ضلع جنوبی میں بھی مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا۔
نمائندہ اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ڈپٹی کمشنر ضلع جنوبی ارشاد سوڈھر نے لاک ڈاؤن کے نفاذ اور پابندیوں کے حوالے سے نوٹی فکیشن جاری کیا۔
نوٹی فکیشن کے مطابق سول لائنزسب ڈویژن میں رہائشی اپارٹمنٹ، سب ڈویژن صدر میں اسمارٹ ڈاؤن آئندہ پندرہ روز کے لیے نافذ کیا جارہا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ صدرسب ڈویژن میں عسکری تھری میں مائیکرو اسمارک لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے۔
لاک ڈاؤن والے علاقوں میں غیر متعلقہ افراد کے داخلے، ٹرانسپورٹ، موٹرسائیکل کی ڈبل سواری اور ہر قسم کے اجتماع پر پابندی ہوگی جبکہ صرف میڈیکل اسٹور اور راشن کی دکانیں کھولنے کی اجازت ہوگی۔
مزید پڑھیں: کراچی کے مزید علاقوں میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن لگانے کی تجویز
ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ لاک ڈاؤن والے علاقوں میں شہریوں کی غیر ضروری نقل و حرکت پر پابندی ہوگی جبکہ گھروں سے باہر نکلنے والے شہریوں کو بغیر ماسک نکلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
دوسری جانب ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کلفٹن میں ریسٹورنٹ کو سیل بھی کردیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ ایک روز قبل کراچی کے ضلع غربی کی ایک ہی یوسی سے 22 افراد میں کورونا کی تصدیق کے بعد مختلف اضلاع میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا۔
پابندیوں کے تحت منگھوپیر یوسی 8 میں غیر متعلقہ افراد کا داخلہ ممنوع ہے، علاقے میں داخلے اور باہر آتے ہوئے ماسک لازمی، ٹرانسپورٹ، موٹر سائیکل کی ڈبل سواری اور اجتماع پر بھی پابندی ہے۔
مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن والے علاقوں میں کاروباری سرگرمیاں معطل رہیں گی، صرف راشن کی دکان اور میڈیکل اسٹور کھولنے کی جازت ہوگی جبکہ ہوم ڈلیوریز پر بھی پابندی ہوگی، گھر سے صرف ایک شخص کو اشیائے ضروریہ خریدنے کے لیے باہر آنے کی اجازت ہوگی۔