مگوادر: کسٹمز نے گوادر میں کارروائی کرتے ہوئے ایک ارب روپے سے زائد مالیت کی منشیات برآمد کرلی۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کسٹمز گوادر نے وندر میں ٹرک پر چھاپہ مار کر 176 کلو گرام ہیروئن برآمد کرلی، کلکٹر کسٹمز کے مطابق برآمد ہیروئن کی مالیت ایک ارب 6 کروڑ روپے سے زائد ہے۔
کلکٹر کسٹمز طاہر قریشی کا کہنا ہے کہ وندر میں پولیس چیک پوسٹ پر مشکوک ٹرک کو روکنے کی کوشش کی گئی تو ٹرک ڈرائیور نے رکنے کے بجائے بھاگنے کی کوشش کی اس دوران اسمگلرز سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا، ٹرک ڈرائیور اندھیرے کے باعث فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
کسٹمز حکام کے مطابق ٹرک کی تلاشی کے دوران خفیہ خانوں سے 176 کلو گرام ہیروئن برآمد کی گئی، ہیروئن اور ٹرک کو تحویل میں لے کر کسٹمز ایکٹ کے تحت ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: پی ایم ایس اے کی کھلے سمندر میں کارروائی، 2700 کلومنشیات برآمد
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کی جانب سے کھلے سمندر میں منشیات اسمگلروں کے خلاف کارروائی کی گئی تھی، پی ایم ایس اے نے 8 اسمگلرز گرفتار جبکہ 2700 کلو منشیات برآمد کرلی تھی۔
میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کی کارروائی کے دوران اسمگلروں نے کشتی کو آگ لگاکر سمندر میں چھلانگ لگادی تھی، پی ایم ایس اے اہلکاروں نے اسمگلروں کو سمندر سے نکال کر گرفتار کرلیا۔
پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کا مزید کہنا تھا کہ پکڑی گئی منشیات عالمی مارکیٹ میں مالیت 82 ملین روپے ہے