لاہور: چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے شہباز شریف کے کھانے سے متعلق معاملے کا نوٹس لے لیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو زمین پر کھانا دینے سے متعلق خبروں کا نوٹس لے لیا۔
ترجمان نیب کا کہنا ہے کہ چیئرمین نیب نے معاملے کی فوری تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
ترجمان نیب کے مطابق چیئرمین نیب کا کہنا ہے کہ دوران حراست ملزم کی عزت نفس کا خیال رکھا جائے، اس حوالے سے وہ تمام بیورو کو ہدایت دے چکے ہیں۔
مزید پڑھیں: شہباز شریف نے عدالت میں کیا شکایت کی جس پر جج برہم ہو گئے؟
واضح رہے کہ احتساب عدالت میں منی لانڈرنگ ریفرنس میں پیشی کے موقع پر شہباز شریف نے نیب پرغیر انسانی سلوک کرنے کا الزام لگایا تھا۔
شہباز شریف نے جج سے شکایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ جیل میں ان کے ساتھ توہین آمیز سلوک روا رکھا جا رہا ہے، شام کو جب کھانا آتا ہے تو زمین پر رکھ دیا جاتا ہے۔
شہباز شریف کی شکایت پر احتساب عدالت کے جج نے سخت ایکشن لیتے ہوئے کہا کہ انسانیت کی تذلیل برداشت نہیں کروں گا۔
یاد رہے کہ 28 ستمبر کو لاہور ہائی کورٹ نے شہباز شریف کی عبوری ضمانت مسترد کر دی تھی جس کے بعد نیب حکام نے انہیں گرفتار کر لیا تھا۔