کراچی: شہر قائد میں تیز رفتار ڈمپر نے 5 گاڑیوں کو روند ڈالا، حادثے کے نتیجے میں پانچوں گاڑیاں تباہ ہوگئیں۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں ڈمپر اور ٹینکر کے حادثات میں اضافہ ہونے لگا، بلوچ کالونی پل پر تیز رفتار ڈمپر گاڑیوں پر چڑھ دوڑا جس کے نتیجے میں گاڑیاں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔
حادثے کے بعد گاڑیاں اسکریپ کا منظر پیش کرنے لگیں، ٹرالر کی ٹکر سے ایک گاڑی کے دو ٹکڑے ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں معجزانہ طور پر کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا، جائے وقوعہ پر موجود افراد نے ٹرالر کے ڈرائیور کو پکڑ کر بدترین تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد پولیس کے حوالے کردیا۔
مزید پڑھیں: کراچی میں تیز رفتار ٹینکر نے 3 بہن بھائیوں کو روند ڈالا
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں کراچی کے علاقے بیت المکرم مسجد کے قریب تیز رفتار ٹرالر نے موٹر سائیکل کو روند ڈالا تھا جس کے نتیجے میں شہری موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ ڈیفنس تھانے کی حدود اختر کالونی سگنل کے قریب واٹر ٹینکر کے اناڑی ڈرائیور نے موٹر سائیکل سوار کو روند ڈالا جس کے نتیجے میں 2 بھائی اور ایک بہن موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا تھا۔