گجرپورہ زیادتی کیس کا مطلوب ملزم آخر کار قانون کی گرفت میں آگیا۔ پولیس نے آج فیصل آباد سے واقعے کے مرکزی ملزم عابد ملہی کی گرفتاری ظاہر کردی۔
لنک روڈ زیادتی کیس کا مرکزی ملزم عابد ملہی پولیس کے لیے درد سر بنا ہوا تھا، پولیس کی ٹیمیں ملزم کی گرفتاری کے لیے متحرک تھیں متعدد مرتبہ چھاپے بھی مارے گئے تھے لیکن پولیس کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ آج جب فیصل آباد تاندلیاوالہ میں ملزم عابد ملہی کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا گیا تو ملزم وہاں سے فرار ہوگیا۔
پولیس کو اطلاع موصول ہوئی کے ملزم عابد ملہی اپنے قریبی عزیز کے گھر مانگا منڈی میں آیا ہے،پولیس نے مانگا منڈی علی ٹائون میں چھاپہ مار کر ملزم عابد ملہی کو گرفتار کر لیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم کو گرفتاری کے بعد فیصل آباد سے لاہور منتقل کیا جارہا ہے۔ کیس کا دوسرا مرکزی ملزم شفقت جوڈیشل ریمانڈ پر ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ ملزم کے ٹھکانوں پر تین سے چار مرتبہ چھاپے مارے لیکن وہ فرار ہوجاتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ایسے کیسز میں ہمیں مجموعی ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا، 72 گھنٹے کے اندر تاریخ میں پہلی مرتبہ ملزمان کی نشاندہی کی گئی تھی۔