اسلام آباد : معاون خصوصی عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ وزیراعظم ٹائیگرفورس پورٹل کا افتتاح کریں گے، پورٹل سے ٹائیگرفورس مہنگائی، دیگر معاملات رپورٹ کرسکے گی۔
تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی عثمان ڈار نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا وزیراعظم نےہفتےکےروز ٹائیگر کنونشن بلایا ہے، کنونشن کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیا جارہا ہے۔
معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ٹائیگرفورس کیلئے ایک پورٹل بنایاگیا ہے ، پورٹل سے ٹائیگرفورس مہنگائی، دیگر معاملات رپورٹ کرسکے گی اور وزیراعظم ٹائیگر فورس پورٹل کا افتتاح کریں گے۔
عثمان ڈار نے کہا کہ کچھ دنوں سے اپوزیشن رہنما ٹائیگرفورس کوتنقیدکانشانہ بنارہےہیں، ٹائیگرفورس کےنوجوان ہمارےقومی ہیروزہیں، ٹائیگرفورس قومی جذبے سے عوام کی خدمت کرنے کا نظریہ ہے، اپوزیشن نے ایسے الفاظ را کی فورس سے متعلق نہیں کہے ہوں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کی بہترحکمت عملی پراسمارٹ لاک ڈاون کیا جبکہ ٹائیگرفورس کوروناکاپھیلاؤروکنےکیلئےمیدان میں تھی۔
یاد رہے وزیراعظم عمران خان نے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ ٹائیگرز فورس آٹا، چینی، گھی اور دال کی قیمتوں کو روزانہ کی بنیاد پر چیک کرے اور ہدایت کی کہ ٹائیگرز فورس اپنے علاقوں میں قیمتیں چیک کرکے پورٹل پر پوسٹ کرے، ہفتے کو منعقدہ نشست میں ہم ان پر تبادلہ خیال کریں گے۔
خیال رہے کہ وزیراعظم نے ایک بار پھر ٹائیگر فورس کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے، ٹائیگر فورس کو ذخیرہ اندوزوں کی نشاندہی کا ٹاسک سونپے جانے کا امکان ہے۔