مانچسٹر: انگلش کرکٹ بورڈ(ای سی بی) نے دورہ پاکستان کے لیے پی سی بی سے بات چیت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالات کا جائزہ لینے کے بعد حتمی فیصلہ کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق ای سی بی نے تصدیق کی کہ پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے انگلینڈ ٹیم کو دورے کی دعوت دی ہے، انگلش بورڈ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔
انگلش کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ تمام حالات کا جائزہ لینے کے بعد دورے کا حتمی فیصلہ کریں گے۔
خیال رہے کہ 15 سال بعد پاکستان میں انگلش ٹیم کی آمد کی امید روشن ہوگئی، پی سی بی سی ای او وسیم خان نے انگلینڈ کو مختصر دورے کی دعوت دی ہے، انگلش ٹیم اگلے سال کے آغاز میں پاکستان کا دورہ کرسکتی ہے۔
انگلینڈ اور جنوبی افریقا کے دورۂ پاکستان کی امید روشن
انگلش ٹیم جنوری میں پاکستان کا دورہ کرسکتی ہے جبکہ جنوری کے آخر میں جنوبی افریقا کی ٹیم بھی پاکستان آئے گی۔ جنوبی افریقا کا سیکیورٹی وفد یکم نومبر کو پاکستان پہنچے گا۔
جنوبی افریقا کا سیکیورٹی وفد راولپنڈی، کراچی اور لاہور میں انتظامات کا جائزہ لے گا۔ وفد پاکستان اور زمبابوے کے درمیان کھیلے جانے والے ٹی 20میچز بھی دیکھے گا۔
جنوبی افریقا کو 2 ٹیسٹ اور3ٹی 20کھیلنے کے لیے جنوری میں پاکستان آنا ہے۔