اشتہار

جیسنڈا آرڈرن نے ایک بار پھر انتخابات میں بڑی کامیابی حاصل کر لی

اشتہار

حیرت انگیز

آکلینڈ: نیوزی لینڈ کے عام انتخابات میں جیسنڈا آرڈرن نے ایک بار پھر زبردست کامیابی حاصل کر لی، اپوزیشن نے بھی شکست مانتے ہوئے وزیرِ اعظم جیسنڈا آرڈرن کی کامیابی کو تسلیم کر لیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق نیوزی لینڈ کی حکمران جماعت کی لیبر پارٹی کو اگلے 3 سال حکومت کرنے کا ایک اور موقع مل گیا ہے، جیسنڈا آرڈرن کی اس کامیابی کے ساتھ ہی ان کی حریف جماعت نے شکست تسلیم کر لی ہے، اپوزیشن پارٹی کی رہنما نے جیسنڈا آرڈرن کو فون پر مبارک باد بھی دے دی۔

اپوزیشن جماعت نیشنل پارٹی کی رہنما جوڈتھ کولنز نے اپنےحامیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لیبر پارٹی نے انتخابات میں غیر معمولی نتائج حاصل کیے، جس پر انھوں نے وزیرِ اعظم جیسنڈا آرڈرن کو ٹیلی فون کر کے مبارک باد دی ہے۔ انھوں نے کہا نیشنل پارٹی مضبوط اپوزیشن ثابت ہوگی، ہم حکومت کے ناکام وعدوں کا حساب کتاب کرتے رہیں گے۔

- Advertisement -

واضح رہے کہ اس مرتبہ کے انتخابات میں آرڈرن کا مقابلہ دائیں بازو کی قدامت پسند رہنما جوڈتھ کولنز سے تھا، کولنز کی پارٹی نے لیبر پارٹی کے مقابلے میں 27 فی صد نشستیں حاصل کی ہیں جب کہ لیبر پارٹی نے تقریباً 50 فی صد نشستیں حاصل کر لی ہیں، تاہم ووٹنگ کے نتائج کا سرکاری اعلان تاحال نہیں کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ نیوزی لینڈ میں حکومت سازی کے لیے پارلیمان کی 61 نشستوں پر کامیابی ضروری ہوتی ہے ورنہ اکثریت نہ ملنے کی صورت میں دوسری جماعتوں کے ساتھ مل کر مخلوط حکومت بنانی پڑتی ہے۔ نیوزی لینڈ میں 1996 میں پارلیمانی طرز حکومت کو اپنایا گيا تھا، تب سے اب تک کسی بھی جماعت کو انتخابات میں واضح اکثریت حاصل نہیں ہوئی، تاہم لیبر پارٹی پہلی مرتبہ ایسا کرنے میں بھی کامیاب رہی ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں