اسلام آباد : ملک میں ستمبر کے مقابلے اکتوبر میں مہنگائی میں 1.7 فیصد اضافہ ہوا اور اکتوبر کے مہینے میں مہنگائی میں اضافے کی شرح 8.9 فیصد رہی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی کے حوالے سے رپورٹ جاری کردی، جس میں کہا کہ گزشتہ سال کے مقابلے اس سال اکتوبرکے مہینے میں ملک میں مہنگائی میں آٹھ اعشاریہ نو فیصد اضافہ ہوا، ستمبر کے مقابلے اکتوبر میں مہنگائی ایک اعشاریہ سات فیصد بڑھی۔
ادارہ شماریات نے تسلیم کیا ہے کہ بنیادی فوڈ آئٹمز آٹا،چینی،دالوں اور مرغی کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے مہنگائی میں اضافہ ہوا۔
رپورٹ کے مطابق ایک ماہ میں ٹماٹرکی قیمت 48 فیصد، پیاز 39 فیصد،مرغی 26 فیصد اور انڈے 23 فیصد سے زائد مہنگے ہوئے جبکہ گندم ساڑھے 8 فیصد، آٹا 4 فیصد اور چینی کے نرخ بھی ساڑھے4 فیصد بڑھ گئے۔
یاد رہے اکتوبر کے تیسرے ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں0.23 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی تھی جبکہ اکتوبر کے دوسرے ہفتے مہنگائی میں 0.45 فیصد اضافہ ہوا تھا ، جس کے بعد ملک میں مہنگائی کی مجموعی شرح9.20 تک پہنچ گئی تھی۔