اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیرتجارت عبدالرزاق داؤد کا کہنا ہے کہ جلد مشاورتی اجلاس طلب کیا جائے گا جس میں 3سالہ ٹیرف روڈ میپ پر اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق مشیرتجارت نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کیا کہ پلاسٹک کے شعبے کا مشاورتی اجلاس جلد طلب کریں گے۔ پلاسٹک، انجینئرنگ، دواسازی اور ٹیکسٹائل کے لیے ٹیرف پالیسی وضع کریں گے۔
عبدالرزاق داؤد کا کہنا تھا کہ امید کرتے ہیں تمام اسٹیک ہولڈرز مشاورت کے لیے تیار ہوں گے۔ مشاورت میں اسٹیک ہولڈرز اپنی تجاویز پیش کریں گے۔
خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے مشیر تجارت نے اپنے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ کرونا کی وبا کے عالمی معیشت پر دور رس اثرات مرتب ہوں گے، عالمی صورتحال کی وجہ سے پاکستان کی برآمدات کی طلب میں کمی آئے گی۔
انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ کرونا وائرس کی وبا انسانی تاریخ کا ایسا بحران ہے جس کی مثال نہیں ملتی۔