منگل, جنوری 14, 2025
اشتہار

کراچی: جرائم کی روک تھام کے لیے رینجرز کا بڑا قدم

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: سندھ رینجرز نے عوام کے تحفظ کے لیے جدید ایپلی کیشن تیار کر لی ہے، ایک بٹن دبانے پر رینجرز کنٹرول روم بروقت حرکت میں آجائے گا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق رینجرز کی جانب سے شہریوں کے تحفظ کے لیے نئی ایپلیکیشن تیار کی گئی ہے، ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ سیکورٹی صورت حال کو جدید اور مؤثر بنانے کے لیے آئی ٹی کی مدد سے یہ ایپ تیار کی گئی ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ کروڑوں آبادی والے شہر میں تمام لوگوں کو یہ سہولت فراہم نہیں کی جا سکتی، ابتدائی مرحلے میں مخصوص سیکٹرز کو ایپلی کیشن فراہم کی جائے گی، فی الوقت اسپتالوں، بینکوں، اسکولوں اور کالجز، یونی ورسٹیز، بزنس کمیونٹیز اور دیگر شعبہ جات کو یہ ایپ فراہم کی جا رہی ہے۔

- Advertisement -

ترجمان رینجرز کے مطابق ایپ کا مقصد شہر میں انٹیلی جنس نیٹ ورک تشکیل دے کر مختلف اداروں اور عوام میں سیکورٹی کو بہتر بنانا ہے، کسی بھی ہنگامی صورت حال میں رینجرز بروقت کارروائی کے ذریعے جرائم کی روک تھام کر سکے گی، ایس او ایس الرٹ ایپ کے ذریعے رجسٹرڈ شدہ ادارہ اور شہری کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں آگاہی دی سکتے ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ ایک بٹن دبانے سے صارف کی اطلاع رینجرز کے کنٹرول روم تک پہنچ جائے گی، اطلاع دینے والے شخص کی مکمل تصدیق کنٹرول روم میں نمایاں ہو جائے گی، کنٹرول روم کو الارم کے ذریعے ایمرجنسی اطلاع ملے گی، رینجرز کی علاقے میں موجود موبائلوں کو بھی ایمرجنسی کال موصول ہو جائے گی۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ جگہ سے متعلق آگاہی ہونے سے بروقت کارروائی کی جا سکے گی۔

انھوں نے کہا کہ رینجرز دور جدید کے تقاضوں کے مطابق اداروں اور عوام کے درمیان سیکورٹی کو مزید بہتر بنانے کے لیے پر عزم ہے، عوام بھی کسی بھی واقعے کی اطلاع بروقت رینجرز کو دے کر جرائم کے خاتمے میں ساتھ دیں۔

Comments

اہم ترین

نذیر شاہ
نذیر شاہ
نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز کے کرائم رپورٹر ہیں

مزید خبریں