جمعہ, دسمبر 27, 2024
اشتہار

ٹویٹر فیس بک کے نقش قدم پر، اسٹوریز فیچر متعارف

اشتہار

حیرت انگیز

نیویارک: سماجی رابطے اور مائیکروبلاگنگ کے پلیٹ فارم ٹویٹر نے صارفین کے لیے انسٹاگرام، فیس بک، اسنیپ چیٹ کی طرز پر ’اسٹوریز فیچر‘ متعارف کرادیا۔

ٹویٹر کی جانب سے متعارف کرائے گئے فیچر کو ’ٹویٹر فلیٹس‘ کا نام دیا گیا ہے جس کے تحت اب صارف کی اسٹوری انسٹاگرام، فیس بک، اسنیپ چیٹ اور واٹس ایپ کی طرح 24 گھنٹے بعد خود بہ خود غائب ہوجائے گی۔

کمپنی کی جانب سے صارفین کو یہ سہولت بھی دی گئی ہے کہ وہ چاہیں تو اپنی فلیٹس کو وقت مقررہ سے پہلے ڈیلیٹ کردیں۔

- Advertisement -

ٹویٹر نے اس فیچر کے متعارف کرنے کا مقصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ ’فلیٹس کے بعد صارفین کی پریشانی حل ہوجائے گی اور انہیں یہ بھی معلوم ہوسکے گا کہ اُن کو فالو کرنے والے کتنے فالوورز ایکٹیو ہیں‘۔

’اس فیچر کے بعد صارفین پر دباؤ کم ہوگا کیونکہ اسٹوریز کو ری ٹویٹ یا لائیک نہیں کیا جاسکے گا بلکہ اس کو دیگر صارفین دیکھ ہی سکیں گے‘۔

صارفین اسٹوریرز میں ٹیکسٹ، تصویر، ویڈیو یا اپنے کسی ٹویٹ کا لنک کاپی کر کے اسے شیئر کرسکیں گے جس کے ساتھ انہیں لکھنے کے لیے علیحدہ سے سہولت بھی دستیاب ہوگی۔

مزید پڑھیں: ٹویٹر کا نیا فیچر، ری ٹویٹ سے قبل آئے گا اہم پیغام

فلیٹس پر آنے والے جوابات ٹائم لائن کے بجائے ڈائریکٹر میسج ’ڈی ایم‘ پر آئیں گے اور کسی بھی اسٹوری پر وہی صارفین جواب دے سکیں گے جو فالوورز ہوں گے۔

انسٹاگرام، فیس بک کی طرح ٹویٹر کی اسٹوریز بھی ہوم ٹائم لائن پر سب سے اوپر نظر آئیں گی۔

ٹیکنالوجی پر نظر رکھنے والے ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹویٹر نے انسٹاگرام ، فیس بک اور اسنیپ چیٹ کی طرح اسٹوریز پر لائیو براڈ کاسٹنگ شروع کرنے پر بھی کام شروع کردیا ہے جبکہ اگلے مرحلے میں اسٹیکر بھی متعارف کرائیں جائیں گے۔

کمپنی نے مارچ میں اس فیچر کی آزمائش برازیل میں شروع کی جس کے بعد اسے اٹلی، بھارت اور جنوبی کوریا میں متعارف کرایا گیا۔

ٹویٹر کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر نے اس بات کا اعتراف کیا کہ فلیٹ فیچر اسنیپ چیٹ اور انسٹاگرام کی طرز پر بنایا گیا ہے۔

واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر ٹویٹر کو دیگر سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم کے مقابلے میں جداگانہ حیثیت حاصل تھی مگر آہستہ آہستہ کر کے اُسے ختم کیا جارہا ہے۔ اس سے قبل ٹویٹر نے 140 الفاظ کی قید کو ختم کر کے اسے  دگنا اور پھر مزید بڑھا دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ٹویٹر پر غیرمتعلقہ افراد کی مداخلت روکنے کا طریقہ

ٹویٹر صارفین کمپنی سے بارہا یہ مطالبہ کرچکے ہیں کہ انہیں ایڈیٹ کی سہولت دی جائے تاکہ وہ اپنے ٹویٹ میں کی جانے والی غلطی کو ٹھیک کرسکیں مگر اب تک یہ سہولت متعارف نہیں کرائی گئی جبکہ آڈیو کی سہولت بھی فی الحال آئی فون استعمال کرنے والے صارفین کے لیے دستیاب ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں