لاہور: گورنر پنجاب اور فردوس عاشق اعوان کی ٹیموں میں آج ایک کرکٹ میچ کھیلا گیا جس میں ڈاکٹر فردوس عاشق کی گیند پرگورنر پنجاب بولڈ ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق آج کھیل کے میدان میں ایک دل چسپ منظر اس وقت دکھائی دیا جب وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے ایک گیند پر گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کو بولڈ کر دیا۔
میچ پی ٹی آئی کے دونوں رہنماؤں کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جا رہا تھا، جب کہ دونوں ٹیمیں چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے بچوں پر مشتمل تھیں۔
یاد رہے کہ 17 نومبر کو کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے درمیان پی ایس ایل فائیو کے فائنل میچ کے موقع پر فردوس عاشق اعوان نے ٹویٹ کیا تھا کہ کراچی اور لاہور دونوں شہر ان کے دل کے قریب ہیں، فائنل کھیلنے والی دونوں ٹیموں کے لیے نیک خواہشات ہیں اور اُمید ہے آج دل چسپ فائنل دیکھنے کو ملے گا۔
بعد ازاں انھوں نے پی ایس ایل5 کی فاتح کراچی کنگز اور ان کی منیجمنٹ کو جیت پر مبارک باد کا ٹویٹ کیا، انھوں نے یہ بھی لکھا کہ لاہور قلندرز کی کارکردگی اس سیزن میں متاثر کن رہی۔
پی ایس ایل5 کی فاتح کراچی کنگز اور انکی مینجمنٹ کو مبارکباد! لاہور قلندرز کی کارکردگی اس سیزن متاثر کن رہی۔ دراصل یہ پاکستان کی جیت ہے!
کورونا کے مشکل وقت میں PSL5 کو تکمیل تک پہنچانے میں PCB کی کاوشیں قابلِ تعریف ہیں۔
انٹرنیشنل کھلاڑیوں کے پاکستان آنے پر مشکور ہوں۔#PSLFinal— Dr. Firdous Ashiq Awan (@Dr_FirdousPTI) November 17, 2020
فردوس عاشق نے کراچی کنگز کی جیت کو پاکستان کی جیت قرار دیا، ان کا کہنا تھا کہ کرونا کے مشکل وقت میں PSL5 کو تکمیل تک پہنچانے میں PCB کی کاوشیں قابلِ تعریف ہیں، انھوں نے انٹرنیشنل کھلاڑیوں کے پاکستان آنے پر ان کا بھی شکریہ ادا کیا۔