جمعرات, دسمبر 26, 2024
اشتہار

کرونا وائرس سے صحت یاب واسع چوہدری اور شفاعت علی اب بھی مکمل صحت یاب نہیں

اشتہار

حیرت انگیز

کرونا وائرس سے صحت یاب ہونے والے اداکار واسع چوہدری اور میزبان شفاعت علی کا کہنا ہے کہ کوویڈ 19 سے صحت یاب ہوجانے کے کئی ہفتوں بعد بھی وہ تھکاوٹ کا شکار رہے اور انہیں اپنے معمول کی طرف لوٹنے میں وقت لگا۔

تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کے پروگرام سوال یہ ہے میں ماریہ میمن کے ساتھ کوویڈ سے صحت یاب ہونے والے اداکار واسع چوہدری اور میزبان شفاعت علی نے شرکت کی اور اپنے تجربات سے آگاہ کیا۔

دونوں افراد کرونا وائرس کی پہلی لہر کے دوران اس سے متاثر ہوئے اور اس مرض کو شکست دی۔

- Advertisement -

واسع چوہدری نے بتایا کہ وہ اے سمپٹمٹک تھے اور اس دوران انہیں صرف سانس لینے میں معمولی دشواری پیش آئی، وہ 14 دن قرنطینہ میں رہے اور کوویڈ سے صحت یاب ہونے کے بعد بھی کافی عرصے تک تھکاوٹ محسوس کرتے رہے۔

انہوں نے بتایا کہ ان کے لیے یہ جسمانی سے زیادہ اعصابی جنگ تھی۔ قرنطینہ میں وہ کتابیں پڑھتے رہے، ٹی وی دیکھتے رہے اور اپنے ذہنی دباؤ سے نمٹتے رہے۔

میزبان شفاعت علی نے بتایا کہ جب کرونا وائرس پھیلنا شروع ہوا تو انہوں نے اپنی قوت مدافعت بڑھانے پر کام کیا، روزانہ کی 5 کلو میٹر واک کو 7 کلو میٹر کردیا، روزانہ ناشتے میں ان کی کلونجی کھانے کی روٹین تھی جس کی مقدار انہوں نے بڑھا دی، لیکن اس سب کے باوجود انہیں کوویڈ 19 ہوگیا۔

شفاعت نے بتایا کہ انہیں سانس لینے میں شدید دشواری تھی اور اس دوران انہوں نے گھر میں 2 آکسیجن سیلنڈر استعمال کیے۔

انہوں نے بتایا کہ وہ دماغی طور پر بھی بے حد متاثر ہوئے اور ساتویں دن اکتاہٹ اور بیزاری کا شکار ہوگئے۔

شفاعت نے بتایا کہ انہیں کرونا وائرس سے صحت یاب ہونے میں 29 روز لگے، اس کے 50 روز کے بعد وہ واکنگ ٹریک پر واپس آسکے، لیکن اس کے بعد بھی پرانی رفتار سے واک کرنے کے لیے انہیں مزید کئی ہفتے لگے۔

ان کے مطابق کوویڈ سے صحت یاب ہونے کے بعد بھی ان کی توانائی کافی عرصے تک بحال نہیں ہوئی۔

شفاعت نے بتایا کہ ان کا کچھ کھانے کو دل نہیں چاہتا تھا لیکن کھانا ضروری تھا، بعد میں بے تحاشہ بھوک لگنے لگی اور انہوں نے 8 کلو وزن بڑھایا۔

واسع چوہدری نے کہا کہ کرونا وائرس کو معمولی سمجھنا چھوڑ دیں اور حکومت بھی کوشش کرے کہ اسے سنجیدگی سے لیا جائے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں