لاہور : کورونا کی دوسری لہر کے پیش نظر حکومت پنجاب نے بچاؤ کی حکمت عملی تیار کرلی ، جس میں 50 فیصد سرکاری ملازمین کو گھروں سے کام کی ہدایت کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب نےکورونا سے بچاؤ کی حکمت عملی کو حتمی شکل دے دی ، جس کے تحت نصف سرکاری ملازمین گھروں سےسرکاری امور نمٹائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت پنجاب کےسروے کے مطابق چند شہروں لاہور،پنڈی، فیصل آباد اور ملتان میں کورونا پھیلاؤ کی شرح زیادہ ہے جبکہ مارکیٹوں میں کورونا ایس اوپیز پر عمل کرانے کے لیےوزیر صنعت کو ٹاسک دے دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیر صنعت کل سے تاجروں سےایس او پیز پر عمل کےلیےملاقاتیں کریں گے جبکہ محکمہ صنعت کی خصوصی ٹیمیں مارکیٹوں کا خصوصی جائزہ لیں گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت پنجاب کی جانب سے صوبے میں سیاسی سرگرمیوں مؤثر طریقے سےپابندی لگانے کافیصلہ بھی کیا ہے۔
خیال رہے ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا سے مزید 34 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ 2 ہزار 756 نئے کرونا کیسز رپورٹ ہوئے۔
جس کے بعد ملک میں اموات کی تعداد 7 ہزار 696 اور مصدقہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 76 ہزار 929 ہو گئی ہے جب کہ 1 ہزار 677 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے