راولپنڈی: بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے باگسر سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں شہری شہید ہوگیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج کی ایل او سی پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں جاری ہیں، بھارتی فوج نے باگسر سیکٹر پر شہری آبادی کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کی فائرنگ سے 33 سالہ عنصر نامی شہری شہید ہوگیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق عنصر کی 3 بیٹیاں ہیں، شہری کو گھر کے قریب موٹر سائیکل پر نشانہ بنایا گیا۔
#IndianArmy unprovoked CFV in Bagsar Sector along #LOC targeting civilian population. An innocent citizen, Ansar, age 33 years, father of 3 daughters was hit & embraced shahadat due to Indian indiscriminate fire while he was moving on Motorbike near his house in Garhi village.
— DG ISPR (@OfficialDGISPR) November 25, 2020
واضح رہے کہ تین روز قبل بھی بھارتی فوج نے ایل او سی کے کھوئی رتہ سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں 11 شہری زخمی ہوگئے تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج کی فائرنگ سے 6 خواتین، 4 بچے زخمی ہوئے، بھارتی فوج جان بوجھ کر خواتین اور بچوں کو نشانہ بنارہی ہے۔
یاد رہے کہ 13 نومبر کو بھارتی فوج نے گاؤں تری بنڈ اور سماہنی میں راکٹ اور مارٹر گولے فائر کیے تھے، بھارتی فوج کی فائرنگ سے ایک شہری شہید، اور 2 خواتین سمیت 3ا فراد زخمی ہوئے تھے۔