لاہور: انسپکٹر جنرل پولیس (آئی جی پی) پنجاب انعام غنی نے ملتان جلسہ گاہ جانے والے راستوں سے رکاوٹیں ہٹانے کا حکم دے دیا جس کے بعد کنٹینرز ہٹائے جارہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ذرایع کا کہنا ہے کہ آئی جی پنجاب انعام غنی کے ملتان جلسہ گاہ جانے والے راستوں سے رکاوٹیں ہٹانے کے حکم کے بعد کنٹینرز ہٹانے کا عمل شروع کردیا گیا، فیصلہ اعلی حکام سے باہمی مشاورت کے بعد کیا گیا۔
آئی جی پنجاب کی ہدایت کے بعد چوک میتلا سے کنٹینرز ہٹا دیے گئے۔ کنٹینر اور تمام رکاوٹیں ہٹانے کے بعد روڈ مکمل طور پر کھول دیا گیا، جبکہ دیگر راستوں سے بھی کنٹینرز اٹھائے جارہے ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے آج قاسم باغ اسٹیڈیم میں ہر صورت جلسہ کرنے کا اعلان کیا ہے جس کے پیش نظر متعلقہ انتظامیہ نے جلسہ گاہ جانے والے راستے بند کیے، گھنٹہ گھر چوک کے راستوں کو بھی رکاوٹیں کھڑی کر کے سیل کر دیا گیا لیکن آئی جی کے حکم پر رکاوٹیں ہٹائی جارہی ہیں۔
وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت نے واضح کیا کہ پی ڈی ایم جلسے سے ایس او پیز کی خلاف ورزی ہوگی جو برداشت نہیں، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دے سکتے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ قانون ہاتھ میں لینے والے کی فوری گرفتاری کا حکم جاری کر دیا گیا ہے۔