جینیوا: اقوام متحدہ (یو این) کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے متنبہ کیا ہے کہ کرونا ویکسین کے معاملے میں قوم پرستی کی وجہ سے غریب ممالک کا استحصال کیا جارہا ہے۔
اپنے ایک بیان میں اقوام متحدہ کے سربراہ نے ویکسین کے حوالے سے ’قوم پرستی‘ کے خدشات بیان کرتے ہوئے تمام ممالک کو متنبہ کیا کہ وہ اس طرح کے اقدامات سے باز رہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ ’یہ سچ اور تلخ حقیقیت ہے کہ کرونا ویکسین کے حوالے سے ’قوم پرستی‘ نہ صرف طاقتور ہورہی ہے بلکہ یہ آگے بھی بڑھ رہی ہے‘۔
انہوں نے ’ویکسین نیشنل ازم‘ کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے تمام ممالک کو سختی سے خبردار کیا کہ ترقی پذیر اور غریب ممالک کو ویکسین خردینے کے لیے مجبورکر کے اُن کا استحصال نہ کیا جائے، تمام ترقی یافتہ ممالک اس عمل سے گریز کریں‘۔
مزید پڑھیں: کرونا ویکسنز پر اجارہ داری کا خدشہ، وینزویلا کے صدر کا اقوام متحدہ سے اہم مطالبہ
انہوں نے مطالبہ کیا کہ ویکسین کی مساوی تقسیم کو یقینی بنانے کے لیے عالمی ادارہ صحت کے ماتحت ایک ادارہ بنایا جائے جو اس تمام صورت حال پر خصوصی نظر رکھے اور ویکسین کی فراہمی تمام ممالک کو یقینی بنائے۔
سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ ’افریقی براعظموں اور دوسرے ترقی پذیر ممالک کو ویکسین کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے سب کو مل کر مالی معاونت کرنا ہوگی، اگر ایسا نہ ہوا تو کرونا کو پھیلنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔
انہوں نے ترقی یافتہ ممالک سے اپیل کی کہ وہ افریقا سمیت دیگر ممالک کے لیے فنڈز فراہم کریں کیونکہ ویکسین کی فراہمی کے لیے آئندہ دو ماہ میں 4.2 ملین ڈالرز کی خطیر رقم کی ضرورت ہے۔