کراچی: صوبائی وزیر صحت عذرا پیچوہو نے کہا ہے کہ ہمارے پاس کرونا مریضوں کے اعداد و شمار وہ ہیں جن کے ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں، بغیر علامات والے مریضوں کی تعداد کا کچھ پتا نہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر صحت سندھ نے کہا کہ کرونا کی موجودہ لہر جون جولائی کے مقابلے میں تین سے چار گنا بڑی ہو سکتی ہے۔
انھوں نے بتایا کہ کرونا کا مرض ہزاروں کی تعداد میں پھیل رہا ہے، سندھ میں یومیہ 16 سے 18 ہزار تک ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں، سردیوں کی موجودہ لہر عین ممکن ہے گرمیوں سے کئی گنا زیادہ بڑی ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ کرونا مریضوں کی جو موجودہ تعداد ہے وہ ٹیسٹ کروانے والوں سے متعلق ہے، لیکن کرونا کے ایسے مریض بھی ہیں جن میں کوئی علامات نہیں ہوتیں، اس لیے وہ ٹیسٹ بھی نہیں کرواتے، ان کی تعداد کتنی ہے کچھ کہا نہیں جا سکتا۔
کرونا کے وار جاری، 24 گھنٹے میں مزید 71 مریض دم توڑ گئے
عذرا پیچوہو نے کہا کہ کراچی میں دستیاب وینٹی لیٹرز کی تعداد 237 ہے، ایچ ڈی یو بیڈز کی تعداد 828 ہے، جب کہ آئسولیشن وارڈز میں 1536 بیڈز کی سہولت موجود ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 2 ہزار 729 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، جب کہ کو وِڈ نائنٹین کے انفیکشن کے باعث مزید 71 مریض جاں بحق ہوئے۔