کراچی: شہر قائد کے پوش علاقے میں نامعلوم افراد مشکوک چیز پھینک کر فرار ہوگئے ہیں، واقعے کے بعد اعلیٰ حکام میں کھلبلی مچ گئی۔
تفصیلات کے مطابق بلاول چورنگی کے قریب نامعلوم افراد غیر ملکی کی گاڑی پر مشکوک چیز پھینک کر فرار ہوئے، واقعے کے بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ کو فوری طور پر طلب کیا گیا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے نے گاڑی سے ڈیوائس کو اتار لیا ہے اور جانچ پڑتال کے بعد انکشاف ہوا ہے کہ یہ میگنٹ ڈیوائس تھا جس میں سیاہ رنگ کا بارود تھا، اس موقع پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری تعداد نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا تھا۔
بعد ازاں غیر ملکی گاڑی پر لگی ڈیوائس کو بم ڈسپوزل اسکواڈ نے ناکارہ بنادیا ہے، حکام کے مطابق ریموٹ کنٹرول ڈیوائس میگنٹ کی مدد سےگاڑی پرچپکائی گئی تھی، میگنیٹ ڈیوائس لگانے والے ملزمان ممکنہ طور پر موٹر سائیکل پر سوار تھے، جو ڈیوائس گاڑی پر لگانےکے بعد فرار ہوگئے۔
ایس ایس پی ساؤتھ زبیر نذیر شیخ نے واقعے سے متعلق بتایا کہ بلاول چورنگی کے قریب گاڑی پر لگی ڈیوائس کوناکارہ بنادیاگیا ہے، دو نامعلوم موٹرسائیکل سوار گاڑی پر ڈیوائس لگا کر فرار ہوئے، ون فائیو پر اطلاع ملی تو پولیس نے فوری ایکشن لیا۔
زبیرنذیر شیخ نے میڈیا کو بتایا کہ ڈیوائس دھماکے کے لیےہی لگائی گئی تھی، بی ڈی ایس کی حتمی رپورٹ کے بعد مزید تفصیلات بتا سکیں گے، مذکورہ گاڑی گاڑی نجی ریسٹورینٹ کی ملکیت تھی، جس میں ملازم بھی سوار تھے۔
دوسری جانب اےآروائی نیوز نے بلاول چورنگی کے قریب گاڑی پر بارودی ڈیوائس لگانے والے موٹرسائیکل سوار دہشت گردوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی ہے، ملزمان کےتصاویر سی سی ٹی وی فوٹیج سےحاصل کی گئی ہیں۔