صارفین کو انٹرنیٹ پر کسی بھی موضوع پر درکار مواد تلاش کرنے کے لیے سرچ انجن مہیا کرنے والے گوگل نے اب موبائل صارفین کیلئے نیا فوٹو فیچر تیار کیا ہے جس کا اعلان بہت جلد کردیا جائے گا۔
گوگل فوٹوز کا نیا فیچر آنے کے بعد پرانا اینڈرائیڈ فونز استعمال کرنے والے صارفین نئے آئی فون12 کی طرح کی تصاویر تیار کرسکیں گے اور صارف کے فون میں یہ تصاویر آٹومیٹک تھری ڈی انیمیشن پر تیار ہوں گی۔
ایسا گوگل فوٹوز سے ممکن ہوگا اور اس کے لیے گوگل فوٹوز میں ایک نیا فیچر سنیماٹک فوٹوز کے نام سے متعارف کرایا گیا ہے جو آنے والے چند ہفتوں میں صارفین کیلئے مارکیٹ میں دستیاب ہوگا۔
گوگل فوٹو ایپ میں یہ فیچر کسی ساکت تصویر میں انیمیٹڈ لیئرز کا اضافہ کرکے انہیں متحرک کرے گا۔
گوگل فوٹوز کے پراڈکٹ منیجر جیمی ایسپنل نے اس حوالے سے بتایا کہ اس مقصد کے لیے ہم نے مشین لرننگ ٹیکنالوجی کو استعمال کیا تاکہ کسی تصویر کی ڈیپتھ کی پیش گوئی کی جاسکے اور ایک اس منظر کا تھری ڈی ورژن تیار کیا جاسکے حالانکہ اصل تصویر میں اس طرح کی گہرائی کیمرا فراہم نہیں کرپاتا۔
Over the next few weeks, we’re rolling out Cinematic photos to help you relive your memories in a way that feels more vivid and realistic.https://t.co/waXN3EF957 pic.twitter.com/BY2duRwjde
— Google Photos (@googlephotos) December 15, 2020
انہوں نے مزید بتایا کہ پھر اس تصویر کو بالکل کسی فلم کے منظر کی طرح متحرک کردیا جاتا ہے، جب یہ فیچر صارفین کو دستیاب ہوگا تو وہ میموریز میں تصاویر کو اس نئے انداز سے دیکھ سکیں گے اور اپنے پیاروں سے مختصر ویڈیو کلپ کی شکل میں اسے شیئر بھی کرسکیں گے۔
اس کے علاوہ گوگل فوٹوز میں ایک اور اپ ڈیٹ بھی کی جارہی ہے جس کے تحت میموریز کے سیکشن میں فیورٹ لوگوں اور سرگرمیوں کا اضافہ کیا جائے گا۔
اسی طرح صارف مخصوص افراد یا وقت کو بھی چھپا سکیں گے تاکہ وہ میموریز میں دوبارہ شو نہ ہوں، کمپنی کے مطابق سنیماٹک فوٹوز پر تاحال کام جاری ہے اور آئندہ چند ماہ میں مزید تبدیلیاں لائی جائیں گی۔