ریاض : سعودی حکومت نے ایک ہفتے کیلئے انٹرنیشنل پروازوں پر پھر پابندی عائد کردی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق خلیجی ریاست سعودی عرب کی جانب سے ایک ہفتے کےلیے بین الااقوامی پروازوں کی معطلی کا فیصلہ برطانیہ اور یورپ میں کرونا وائرس کی نئی قسم پھیلنے کے باعث کیا گیا۔
سعودی حکام کا کہنا ہے کہ پروازیں معطل کرنے کا فیصلہ مہلک وبا کرونا وائرس کی حالیہ صورتحال کے پیش نظر کیا گیا اور ساتھ ساتھ حکومت نے زمین یاور سمندری راستے بھی عارضی طور پر بند کردئیے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ کرونا وائرس کی نئی قسم برطانیہ اور یورپی ممالک میں تیزی سے پھیل رہی ہے اور اس سے متعلق حتمی معلومات بھی حاصل نہیں ہوسکی ہے۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق نئے پھیلنے والے وائرس سے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو محفوظ رکھنے کے لیے وزارت صحت کی ہدایات پرعمل کرتے ہوئے وزارت داخلہ نے مندرجہ ذیل احکامات جاری کیے ہیں۔
سعودی وزارت داخلہ نے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ وہ افراد جو 8 دسمبر 2020 کے بعد کسی بھی ایسے ملک سے آئے ہیں جہاں یہ وبا پھیلی ہے وہ دو ہفتے کے لیے خود کو گھروں میں قرنطینہ کریں اور کرونا ٹیسٹ کروائیں جو ہر پانچ دن بعد دہرایا جائے گا۔
ایسے افراد جو گزشتہ 3 ماہ کے اندر کسی یورپی یا ایسے ملک سے آئے ہیں جہاں یہ وبا پھیلی ہے انہیں چاہئے کہ وہ فوری طور پر کورونا ٹیسٹ کرائیں۔