کراچی : ڈاکو کو برانڈڈ جیکٹ لوٹنا مہنگا پڑگیا، پولیس نے ملزم کو چند گھنٹے میں ہی دھرلیا، کلفٹن کے علاقوں میں وارداتیں کرنے والے گروہ کے4کارندے پکڑے گئے۔
کراچی کے علاقے بفرزون میں گزشتہ رات موٹرسائیکل سوار3ڈاکوؤں نے رہزنی کی واردات جس کے دوران مسلح ملزمان نے اسلحے کے زور پر3نوجوانوں سے نقدی اور قیمتی سامان لوٹا اور فرار ہوگئے۔
ایک ڈاکو نے نوجوان سے اس کی نئی جیکٹ بھی چھین لی تھی، متاثرہ افراد نے واقعے کی رپورٹ تھانے میں درج کروائی، ایف آئی آر میں برانڈڈ جیکٹ ڈاکو کی نشانی بتائی گئی، پولیس کو جیکٹ کی تصاویر بھی دکھائیں۔
نیوکراچی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بتائی گئی نشانی کی مدد سے کچھ ہی دیر میں ملزم کو پکڑلیا، ڈاکو کو جس وقت گرفتارکیا گیا وہ چھینی ہوئی جیکٹ ہی پہنے ہوا تھا۔
سفید کار میں وارداتیں کرنے والا گروہ پکڑا گیا
دوسری جانب کراچی کے علاقے کلفٹن اور اس کے اطراف وارداتوں کرنے والے گروہ کے4کارندے پولیس نے گرفتار کرلیے، ملزمان کا گروہ کافی عرصے سے شہر کے پوش علاقوں میں سفید کار میں وارداتیں کرتا رہا ہے۔
اس حوالے سے ساؤتھ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ گروہ نے2ہفتہ وار چھٹیوں میں15بنگلوں میں وارداتیں کیں، گرفتار ملزمان نے دوران تفتیش 9 گھروں کو لوٹنے کا اعتراف کیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے نام ناصرشاہ عرف حاجی، آصف خان،سردار، راج ولی ہیں۔ ملزمان21اور22 نومبر کو 6بنگلوں میں ہونے والی لوٹ مار کی وارداتوں میں بھی ملوث ہیں، وارداتوں کیلئے ملزمان نے ایک گھر کرائے پرحاصل کر رکھا تھا۔
پولیس نے بتایا کہ ڈاکوؤں نے کرائے پر لیے جانے والے گھر کے آدھے حصے میں کسی خاندان کو رکھا ہوا تھا اور باقی میں خود رہتے تھے، گروہ کا سرغنہ کراچی میں واٹرٹینکر چلاتا رہا ہے۔
گروہ کے سرغنہ نے پشاور کراچی کیلئے بس بھی چلائی، ملزمان لوٹ مار کا کچھ حصہ دکھاوے کے لیے ساتھ رکھی ہوئی فیملی کو بھی دیتے تھے۔