بیجنگ: ارب پتی نیٹ فلیکس پروڈیوسر اور گیم آف تھرونز کی ویڈیو گیم بنانے کے لیے مشہور چینی ٹائیکون پراسرار طور پر ہلاک ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق گیم آف تھرونز کی ویڈیو گیم بنانے والا چینی ارب پتی پراسرار طور پر ہلاک ہوگیا، برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ 39 سالہ چینی ٹائیکون لِن چی کی موت کرسمس کے روز ڈرامائی طور پر ہوئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق گیم ڈیولپر لن چی کو مبینہ طور پر ان کے ایک ساتھی نے زہر دے کر مارا، یوزو گروپ کمپنی کے بانی اور چیئرمین کو 16 دسمبر کو زہر دیا گیا تھا اور ان کی موت کرسمس کے روز ہوئی۔
لِن چی کا شمار چین کی امیر ترین شخصیات میں ہوتا تھا جن کی دولت اندازاً 1.3 بلین ڈالرز ہے، انھوں نے 2009 میں یوزو کمپنی کی بنیاد رکھی تھی اور گیمنگ انڈسٹری میں انتہائی کامیابی حاصل کی۔ یوزو گروپ ’گیم آف تھرونز ونٹر از کمنگ‘ گیم کے لیے مشہور ہے۔
پولیس نے لن چی کو زہر دینے کے شبہے میں یوزو گروپ کے فلم اور ٹیلی وژن شعبے کے ایک سینئر ایگزیکٹو ژو یاؤ کو گرفتار کر رکھا ہے، یہ گرفتاری کمپنی کے ایگزیکٹو رینک کے ملازمین کے درمیان جھگڑے کی افواہوں کے بعد عمل میں لائی گئی ہے۔
مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ لِن چی کو چائے میں زہر ملا کر دیا گیا تھا۔ ان کی اچانک موت پر کمپنی کے موجودہ اور سابق ملازمین نے دفتر کے باہر جمع ہوکر سوگ منایا۔