جمعرات, جولائی 3, 2025
اشتہار

’’ملک دشمن عناصر بلوچستان میں امن و امان خراب کرنے کے درپے ہیں‘‘

اشتہار

حیرت انگیز

کوئٹہ: ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی کا کہنا ہے کہ مچھ واقعے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، ملک دشمن عناصر بلوچستان میں امن و امان خراب کرنے کے درپے ہیں۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مچھ واقعے میں جاں بحق ہونے والے افراد کا تعلق غریب گھرانوں سے تھا، غریب کان کنوں کو بہیمانہ طریقے سے قتل کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نےواقعےکی تحقیقات کاحکم دیاہے، بلوچستان سمیت پاکستان کی خوشحالی ملک دشمنوں سے ہضم نہیں ہورہی، بلوچستان سب کا ہے، ملک دشمنوں کو ان کے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے، واقعے میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔

لیاقت شاہوانی کا کہنا تھا کہ حکومتی اقدامات سےبلوچستان میں امن وامان کی صورتحال بہت بہترہوئی،2018 کے مقابلے میں 2020 میں دہشت گردی کے واقعات میں 75 فیصد کمی آئی۔

مزید پڑھیں: مچھ فائرنگ واقعہ: جاں بحق کان کنوں کی تعداد 10 ہوگئی

ترجمان بلوچستان حکومت کا کہنا تھا کہ حکومت شہدا کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے، حکومت پربھروسہ رکھیں، پرامن رہیں، دہشت گردی ہرقیمت پرختم کرینگے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں بحالی امن کی روشنیاں کسی بھی قیمت پر تاریک نہیں ہونے دیں گے۔

واضح رہے کہ مچھ کوئلہ فیلڈ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے10 کان کن جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے تھے، ڈی سی کچھی کا کہنا ہے کہ علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں