لاہور: پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں میں دو بہنوں کے قتل کا معاملہ الجھ گیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق لاہور کے علاقے کاہنہ میں نالے سے ملنے والی دو بہنوں کی لاشوں کی شناخت 26 سالہ عابدہ اور 28 سالہ ماجدہ کے ناموں سے ہوئی تھی، لواحقین نے ایک ماہ قبل ملنے والی عابدہ کی لاش کو پہچاننے سے انکار کردیا۔
لواحقین کا کہنا ہے کہ ہماری بیٹی تاحال لاپتا ہے گزشتہ ماہ ملنے والی اس کی نہیں تھی۔
ذرائع کے مطابق نالے کے پاس سے ملنے والی لاش کو بھابھی نے موقع پر ہی پہچان لیا، بھابھی کا کہنا ہے کہ پہلی بہن کی لاش پہچان میں نہیں آئی، پولیس زبردستی دونوں کو ہمارا بتا رہی ہے۔
لواحقین نے الزام عائد کیا کہ ایک ملزم ممتاز پولیس حراست میں ہے جبکہ دوسرا ملزم نعیم ضمانت پر رہا ہے، پولیس نے ایک لاش ملنے کے باوجود ملزمان کے خلاف اغوا کا مقدمہ درج کیا، اغوا کا مقدمہ درج ہونے کی وجہ سے ملزموں کو ضمانت ملی۔
مزید پڑھیں: لاہورمیں دو بہنیں اغوا کے بعد قتل، لاشیں نالے سے برآمد
لواحقین نے مطالبہ کیا کہ پولیس ملزمان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرے اور دوسری بیٹی کو تلاش کرے۔
دوسری جانب پولیس نے اعلیٰ حکام کو تسلی دیتے ہوئے بتایا کہ ملزمان ممتاز اور نعیم دونوں حراست میں ہیں، واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
واضح رہے کہ لاہور کے علاقے کاہنہ میں اغوا کے بعد قتل کی جانے والی دو بہنوں کی لاشیں برآمد ہوئی تھیں، پولیس کا کہنا تھا کہ دونوں بہنوں کو گلا کاٹ کر قتل کیا کیا۔
آئی جی پنجاب نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او سے رپورٹ طلب کرلی۔