منگل, جنوری 14, 2025
اشتہار

اپنے پیاروں کو اللہ کے حوالے کردیں، مریم نواز کی کوئٹہ مظاہرین سے ہاتھ جوڑ کر اپیل

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کوئٹہ مظاہرین سے ہاتھ جوڑ کر اپیل کی ہے کہ وہ اپنے پیاروں کی لاشوں کو دفنا دیں۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ کل مچھ واقعے کے لواحقین سے تعزیت کی اور دھرنے میں شریک ہوئے، جو مناظر دیکھے ان سے میرا دل دہل گیا، ہزارہ برادری کے لوگ منفی 8 ڈگری سینٹی گریڈ میں گزشتہ 6 روز سے لاشیں رکھ کر بیٹھے ہوئے ہیں، وہاں اتنی سردی تھی کہ ہم سے رہا نہیں جارہا تھا۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ کوئٹہ سے لاہور کی براہ راست فلائٹ نہیں تھی اسی وجہ سے کراچی آنا پڑا، مچھ میں شہید ہونے والے بیچارے محنت کش تھے، مظاہرین میں سے کسی کا بھائی، کسی کا بیٹا اور کسی ایک گھر کے کئی افراد قتل ہوچکے ہیں، ہزارہ برادری نے بتایا کہ اُن کے قبرستان میں شہدا کی تدفین کی جگہ ختم ہوگئی۔

- Advertisement -

مزید پڑھیں : کوئٹہ دھرنا اور مظاہرین کے مطالبات میں بیرونی مداخلت کا انکشاف

مسلم لیگ ن کی نائب صدر کا کہنا تھا کہ ہزارہ برادری کا ہر خاندان غم کی ایک کہانی ہے، میرے پاس الفاظ نہیں کہ بتا سکوں اس وقت میرے جذبات کیاتھے، پوری قوم نے ہزارہ برادری کے درد کو محسوس کیا، ہزارہ برادری میں ایسے بھی گھر ہیں جہاں اب کوئی مرد نہیں رہا،کچھ خواتین ایسی تھیں جن کا واحد کمانے والا شہید ہوگیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ ’مچھ واقعے کے لواحقین کو دیکھا، وہاں کربلا کا منظر تھا، مگر آج صبح بلیک میلنگ کے حوالے سے بیان سنا، جس پر مجھ سمیت پوری قوم کو بہت افسوس ہوا کیونکہ ہزارہ برادری کے کوئی مطالبات نہیں ہیں، لواحقین صرف اتنا کہہ رہے ہیں کہ آپ آجائیں تو ہم تدفین کردیں گے‘۔

یہ بھی پڑھیں: لواحقین تدفین کریں، گارنٹی دیتا ہوں آج ہی کوئٹہ آؤں گا، وزیراعظم

مریم نواز کا کہنا تھا کہ ’وہ صرف شفقت کا ہاتھ ، رحم کی اپیل ،ہمدردی کے دوبول چاہتے ہیں، وہ چاہتے ہیں کہ آپ دلاسہ دیں کہ آئندہ ایسےواقعات نہ ہوں، وہ کہتے ہیں حکمران زخموں پر مرہم رکھیں اور آپ اسے بلیک میلنگ کہہ رہے ہیں، ہزارہ برادری کے غم میں شریک ہونا حکمرانوں کا فرض ہے‘۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے کوئٹہ میں بیٹھے مظاہرین سے اپیل کی کہ وہ اپنے پیاروں کی لاشوں کی تدفین کر کے انہیں اللہ کے حوالے کردیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں