اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں جی سکس 2 میں پولیس اور ڈاکوؤں میں فائرنگ کے واقعے کا ڈراپ سین ہو گیا، 4 ڈاکوؤں نے سرنڈر کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے علاقے جی سکس ٹو میں پولیس اہل کاروں اور ڈاکوؤں کے درمیان آمنا سامنا ہو گیا تھا، 4 ڈاکو میلوڈی میں ایک گھر میں گھس گئے تھے، جس کی اطلاع پولیس کو دی گئی۔
رپورٹس کے مطابق اطلاع ملنے پر پولیس نے مذکورہ گھر کو چاروں طرف سےگھیر لیا تھا، اس دوران پولیس اور ڈاکوؤں میں فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا، جس کے بعد گھر میں پناہ لینے والے چاروں ڈاکوؤں نے سرنڈر کر دیا۔
اسلام آباد پولیس نے گرفتار 4 ڈاکوؤں کو تھانہ آبپارہ منتقل کر دیا جہاں ان سے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
ایس پی سٹی، سی آر ٹی، اے ٹی ایس اور تھانوں کی بھاری نفری موقع پر پہنچی تھی، ڈی آئی جی آپریشنز وقار الدین سید بھی موقع پر پہنچ گئے تھے۔
دریں اثنا، وزیر داخلہ شیخ رشید نے ڈاکوؤں کی گرفتاری پر پولیس کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس کا بروقت اقدام قابل تعریف ہے، ملزمان کا تعلق جنوبی پنجاب سے ہے، ان کا کرمنل ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے۔
وزیر داخلہ نے اپنے بیان میں کہا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔